اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے صارفین کو دو بڑے ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے اور ایک نئی موبائل ایپ ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے بجلی کے بلنگ نظام میں انقلابی تبدیلی کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک ڈیجیٹل سہولت نہیں بلکہ ادارہ جاتی اصلاحات کی بنیاد ہے۔ ’’اب ہر شہری خود اپنا میٹر چیک کرے گا، تصویر لے گا، اور ریڈنگ جمع کرائے گا – نہ لائن مین کی منت، نہ اووربلنگ کا ڈر،‘‘ وزیراعظم نے پرعزم انداز میں کہا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں میٹر ریڈنگ کے نام پر کرپشن، تاخیر اور اووربلنگ جیسے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی تھی۔ ’’یہ نظام اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ہم نے ٹیکنالوجی کو عوام کے ہاتھ میں دیا ہے، اب فیصلہ بھی وہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوشش کی ہے کہ عالمی اور مقامی مالی دباؤ کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ عوام پر نہ پڑے۔ اسی تناظر میں پی ٹی وی فیس کا خاتمہ ایک بروقت اور عوام دوست فیصلہ ہے، جو ہر ماہ لاکھوں صارفین کو ریلیف دے گا۔
وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے، جس کا بوجھ ایماندار صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ’’یہ ناقابلِ قبول ہے۔ ہم نے کمر باندھ لی ہے اور چوروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہو گی،‘‘ انہوں نے اعلان کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سستی اور پائیدار توانائی کے حصول کے لیے شمسی بجلی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، اور یہ وہ میدان ہے جس میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے حکومتی اداروں میں پیدا ہونے والی بجلی کے کم استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے حل پر زور دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ ایپ صارفین کے اعتماد کی بحالی کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔ ’’گزشتہ سال 110 ارب روپے کی اووربلنگ واپس کی گئی، اور اب ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ سرے سے پیدا ہی نہ ہو،‘‘ انہوں نے کہا۔
انہوں نے بتایا کہ ایپ کو ابتدائی طور پر پانچ زبانوں میں لانچ کیا گیا ہے تاکہ اسے ہر شہری آسانی سے استعمال کر سکے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ یہ ایپ پشاور سے کراچی تک ہر گھر تک پہنچائی جائے، اور اس میں مزید بہتری لائی جائے۔