لاہور میں بادلوں کا راج، حبس سے نجات مگر بجلی غائب

لاہور(رم نیوز )صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں ہفتے کی دوپہر اچانک چھا جانے والے گہرے بادلوں اور طوفانی بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔ تاہم، موسم کی یہ خوشگوار تبدیلی شہریوں کے لیے بجلی کی بندش جیسے نئے مسائل کا سبب بن گئی۔

شہر کے مختلف علاقوں بشمول لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، ڈیوس روڈ، گلبرگ، ایئرپورٹ، مغلپورہ، وحدت روڈ، مزنگ، چوبرجی، انارکلی، اسلامپورہ، بند روڈ اور شاہدرہ میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں واضح کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

موسلادھار بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں سے لیسکو کے 178 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ شہری کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو چکے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں برف پگھلنے کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پچھلے تین روز (26 تا 28 جون) کے دوران ملک بھر میں بارشوں کے باعث 38 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہو چکے ہیں۔ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔