راولپنڈی (رم نیوز) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع دُکی میں ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ شدت پسند گروہ "فتنہ الہندوستان" کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ آپریشن میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹ کیا گیا۔ مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک میں بھارتی پشت پناہی سے چلنے والی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گی۔ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہمارا قومی عزم ہے۔