موسیٰ خیل میں زلزلے کے شدید جھٹکے، مکانات کو نقصان، تین افراد زخمی

کوئٹہ (رم نیوز)بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور ملحقہ علاقوں میں ہفتے کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، اس کا مرکز موسیٰ خیل سے 56 کلومیٹر شمال مشرق میں جبکہ گہرائی 28 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے باعث دو مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جب کہ تین کو جزوی نقصان پہنچا۔ حادثے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔