جکارتہ(رم نیوز)انڈونیشیا میں تعینات بھارت کے دفاعی اتاشی کیپٹن شیو کمار نے ایک بین الاقوامی دفاعی سیمینار میں اعتراف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ہاتھوں اپنے جنگی طیارے کھوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کو مکمل کارروائی کی اجازت نہ ملنے کے باعث یہ نقصان اٹھانا پڑا۔
پریزنٹیشن کے دوران کیپٹن شیو کمار کا کہنا تھاہم نے کچھ طیارے کھوئے، مگر اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہمیں پاکستان کے دفاعی نظام پر بھرپور حملے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے اس بات سے گریز کیا کہ کتنے طیارے تباہ ہوئے، تاہم ان کا یہ بیان بھارت میں سیاسی ہلچل کا باعث بن گیا ہے۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے اس بیان کو بنیاد بناتے ہوئے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ قوم کو اندھیرے میں رکھا گیا، اور یہ واضح ہے کہ حکومت حساس دفاعی معاملات میں بھی شفافیت سے کام نہیں لے رہی۔
پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آپریشن سندور میں ہونے والے اصل نقصانات اور فیصلوں کی تحقیقات کرائے۔
جکارتہ میں بھارتی سفارتخانے نے وضاحت جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کیپٹن شیو کمار کے الفاظ کو غلط تناظر میں پیش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر بیان کیا جا رہا ہے، جس سے غلط فہمیاں پیدا ہو رہی ہیں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں، اور ماہرین کے مطابق ایسا کوئی بھی دفاعی اعتراف دو طرفہ کشیدگی کو مزید بھڑکا سکتا ہے۔