اسلام آباد(رم نیوز)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 6 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ عدالت نے اسد قیصر کو ہدایت کی ہے کہ وہ تفتیشی عمل میں مکمل تعاون کریں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسد قیصر نے فون پر اپنا بیان دیا ہے تاہم وہ ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئے۔ افسر کا کہنا تھا کہ دو بار تفتیش کے لیے جانے کے باوجود اسد قیصر دستیاب نہ تھے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم تفتیش مکمل کرانے کے لیے تفتیشی افسر سے کوآرڈی نیشن کرے۔ اس موقع پر اسد قیصر نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں بیرونِ ملک سفر درپیش ہے، اس لیے سماعت کے لیے طویل تاریخ دی جائے۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ اسد قیصر پر سنگجانی کے علاقے میں جلسے کے دوران پولیس اہلکاروں پر مبینہ طور پر گاڑی چڑھانے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔