لاہور(رم نیوز)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے لیے حکومتی سطح پر عملی اقدامات کا آغاز ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اپوزیشن چیئرمینز کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے نوٹس اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جا رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں تین کمیٹیوں کے چیئرمینز کو ہٹانے کی کوشش کی جائے گی، جن کے خلاف آج سے باقاعدہ کارروائی شروع ہونے کا امکان ہے۔ حکومتی اراکین کے درمیان تحریک کی کامیابی کے لیے مشاورت اور رابطے جاری ہیں۔اپوزیشن اس وقت اوقاف، توانائی، اور پرائس کنٹرول سمیت 13 اہم قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر فائز ہے۔ حکومتی حکمتِ عملی کے مطابق مرحلہ وار ان تمام عہدوں پر تبدیلی لائی جائے گی۔
یہ سیاسی پیش رفت سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں مرکز اور پنجاب میں حکومتی اتحاد کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔