پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی، پرامن حل کا عزم دہرا دیا

نیویارک (رم نیوز)پاکستان نے جولائی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کا منصب سنبھال لیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی تنازعات کے پرامن حل اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کا پُرعزم حامی ہے۔

عاصم افتخار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان یو این چارٹر کے اصولوں کی پاسداری کرتا ہے اور دنیا میں تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، ثالثی اور ڈائیلاگ کے ذریعے عالمی امن کے قیام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ اپنی صدارت کے دوران پاکستان خاص طور پر فلسطین کے مسئلے پر بات کرے گا اور سلامتی کونسل کی کارکردگی میں شفافیت اور کمیٹیوں کے درمیان تعاون کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشش کرے گا۔