حیدرآباد(رم نیوز)بھارتی ریاست تلنگانا میں ایک دوا ساز فیکٹری میں ہونے والے دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کے باعث کم از کم 34 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔واقعہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے قریب واقع سیگاچی انڈسٹریز کے صنعتی یونٹ میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 60 کارکن موجود تھے، جن میں سے بڑی تعداد کا تعلق جھاڑکنڈ، بہار، اوڈیشہ، اتر پردیش اور مغربی بنگال سے تھا.پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے سے 31 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ 3 افراد دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد ایک متوفی کے لواحقین کی درخواست پر فیکٹری انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔فیکٹری انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے 90 روزہ عارضی بندش کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں کمپنی نے کہا ہےیہ ایک افسوسناک سانحہ ہے، جس میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔