دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا سرنڈر ناممکن ہے:بلاول بھٹو

اسلام آباد(رم نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی لغت میں 'سرینڈر' کا کوئی وجود نہیں۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دی ہیں، جہاں گزشتہ سال 600 سے زائد سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان حکومت کے بعد افغان سرزمین سے پاکستان پر حملوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔بلاول نے ڈیجیٹل پروپیگنڈے کو بھی ایک سنگین چیلنج قرار دیا اور کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کردار ادا کیا ہے، اور اس جنگ میں 92 ہزار جانیں قربان ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عسکری کارروائیوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں سرمایہ کاری بھی ضروری ہے تاکہ محفوظ مستقبل ممکن بنایا جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے، لہٰذا نوجوانوں کو جدید سہولیات، خاص طور پر تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔