واشنگٹن (رم نیوز)پہلگام واقعے پر کواڈ ممالک یعنی امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم بیان میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، کواڈ کے اس غیرجانبدار مؤقف کو پاکستان کی سفارتی حکمت عملی کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو عالمی برادری نے مسترد کرتے ہوئے بھارت کے یکطرفہ بیانیے کو تسلیم نہیں کیا۔سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ کواڈ کا غیرجانبدار رویہ عالمی برادری کی طرف سے شواہد اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر فیصلے کرنے کا مظہر ہے۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق، بھارت کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے اور عالمی ادارے بھی یکطرفہ الزامات کے بجائے قانونی ثبوتوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی نے عالمی سطح پر اس کے مؤقف کو مضبوط کیا ہے، جبکہ بھارت کی سفارتی حکمت عملی کو ناکامی کا سامنا ہے۔