اسلام آباد(رم نیوز)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اپنے مقدمے کو سماعت کے لیے مقرر نہ کیے جانے پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدالت سے رجوع کر لیا۔فواد چودھری اپنے وکیل فیصل چودھری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ان کا کیس تاحال سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا گیا۔
وکیل فیصل چودھری نے عدالت کو بتایا کہ لارجر بینچ دستیاب ہونے کے باوجود کیس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 9 مئی سے متعلق کیسز روزانہ کی بنیاد پر چل رہے ہیں لیکن ان کا کیس نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے چار ماہ میں کیسز نمٹانے کے احکامات پر مکمل عمل ہونا چاہیے۔ ناانصافی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں ایک دن میں صرف ایک کیس چلے گا تاکہ یکسانیت برقرار رہے۔عدالت نے فواد چودھری کو یقین دہانی کرائی کہ رجسٹرار آفس انہیں کیس کی سماعت سے متعلق جلد مطلع کرے گا۔