لاہور/اسلام آباد (رم نیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ پنجاب بھر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق او22افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
شدید بارش کے باعث لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ لاہور میں لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے، جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر ہوا۔شیخوپورہ میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے، جبکہ لاہور میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ دیگر شہروں میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد زخمی ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات اور نکاسی آب کی ہنگامی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہے گا، عوام کو احتیاط برتنے اور برساتی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔