کراچی(رم نیوز)وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ میگا کرپشن کیس میں درج مزید 9 مقدمات سے بری کر دیا۔گیلانی عدالت میں شریک ملزمان کے ہمراہ پیش ہوئے۔ اس سے قبل وہ اسی کیس کے 3 مقدمات سے بری ہو چکے تھے، یوں اب تک وہ مجموعی طور پر 12 مقدمات سے بری ہو چکے ہیں۔ ایف آئی اے نے ٹڈاپ کرپشن کیس میں 26 مقدمات درج کیے تھے، جن میں گیلانی کو 2015 میں نامزد کیا گیا تھا۔ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے جعلی کمپنیاں بنا کر 7 ارب روپے کی فریٹ سبسڈی میں کرپشن کی۔عدالت سے باہر گفتگو میں گیلانی نے کہا کہ حکومت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ پارٹی کی سی ای سی نے کیا تھا اور آئندہ بھی وہی کرے گی۔ چینی کی برآمد اور درآمد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا: "میں حکومت کا حصہ نہیں ہوں، نہ ترجمان۔"