سپریم کورٹ کا پی ٹی سی ایل پنشنرز کے حق میں فیصلہ، 90 دن میں ادائیگی کا حکم

اسلام آباد(رم نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی سی ایل کے سابق ملازمین کو پنشن کا حقدار قرار دیتے ہوئے ادارے کو ہدایت کی ہے کہ 90 دن کے اندر پنشن کی ادائیگی کا شیڈول مرتب کیا جائے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 200 سے زائد اپیلوں پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مالی مشکلات کسی ادارے کو پنشن کی ادائیگی سے بری الذمہ نہیں کرتیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ پنشن کی ادائیگی کا عمل شفاف، منصفانہ اور مؤثر ہونا چاہیے تاکہ برسوں سے زیر التوا مطالبات کا ازالہ ہو سکے۔

فیصلے کے مطابق، وہ ملازمین جنہوں نے وی ایس ایس (رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سکیم) اختیار کی تھی، پنشن کے حقدار نہیں ہوں گے۔چیف جسٹس اور جسٹس امین الدین خان نے پنشنرز کے حق میں فیصلہ دیا، جب کہ جسٹس عائشہ ملک نے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو سابق پی ٹی سی ایل ملازمین کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو طویل عرصے سے اپنی پنشن کے حصول کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے تھے۔