بلوچستان میں مسافروں کے قتل کی مذمت، صدر و وزیراعظم کا فتنہ الہندوستان کے خاتمے کا عزم

اسلام آباد(رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں 9 مسافروں کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور اس دہشتگردی کو ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کی سازش قرار دیتے ہوئے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معصوم شہریوں کو بس سے اتار کر قتل کرنا درندگی کی انتہا اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی گھناؤنی کوشش ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واقعے کو ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں کے خون کا بدلہ لیا جائے گا اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دشمن کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ ژوب میں دہشتگردوں نے لورالائی اور موسیٰ خیل کے درمیان سرہ ڈاکئی کے مقام پر پنجاب جانے والی بسوں کو روک کر 9 مسافروں کو اغوا کے بعد قتل کر دیا۔