واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر یکم اگست 2025 سے 35 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ یہ ٹیکس تمام شعبوں پر لاگو ہوگا اور کینیڈا سے آنے والی مصنوعات پر تمام سابقہ محصولات سے مختلف ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ جن ممالک کے ساتھ ابھی تک تجارتی معاہدے نہیں ہوئے یا جنہیں کوئی تجارتی خط موصول نہیں ہوا، ان پر بھی عمومی ٹیکس عائد کیا جائے گا جس کی شرح 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہوگی۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ تمام ممالک سے یکساں اور منصفانہ تجارتی پالیسیاں اپنانا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے رواں ہفتے 20 سے زائد ممالک کو خطوط بھیجے ہیں کہ اگر یکم اگست تک کوئی تجارتی معاہدہ نہ کیا گیا تو ان کی مصنوعات پر محصولات عائد کیے جائیں گے۔