شبلی فراز دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل، شریان میں رکاوٹ کی تشخیص

پشاور(رم نیوز)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو دل کی تکلیف کے باعث پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (PIC) میں داخل کر دیا گیا، جہاں ان کے علاج کے لیے 10 رکنی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شبلی فراز کی ایک دل کی شریان میں "مسل برج" کی تشخیص ہوئی ہے، جو خون کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے اور ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔ انہیں 72 گھنٹوں کے لیے ابزرویشن میں رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹرز چند اہم ٹیسٹوں کے نتائج کے منتظر ہیں، جس کے بعد مریض کو ڈسچارج کرنے یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ شبلی فراز کو ہائی بلڈ پریشر اور وقفے وقفے سے سینے میں درد کی شکایت بھی ہے۔67 سالہ شبلی فراز نے اعتراف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے دل کے مرض میں مبتلا ہیں مگر احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کر رہے تھے اور ادویات بھی باقاعدگی سے نہیں لے رہے تھے۔ انہوں نے عوام سے اپنی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔