اسلام آباد (رم نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ضلع ژوب میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر بسوں سے نہتے شہریوں کو اتار کر قتل کرنا بزدلی اور بربریت کی انتہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردوں کی اس کھلی درندگی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور بے گناہ شہریوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان، خصوصاً بلوچستان کے عوام، اس واقعے کے خلاف متحد ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن مزاحمت کریں گے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ ضلع ژوب میں نامعلوم حملہ آوروں نے مسافر بسوں کو روک کر 9 پنجابی شہریوں کو شناخت کے بعد اغوا کیا اور بعد ازاں قتل کر دیا، جس پر ملک بھر میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔