کراچی میں بارش کی پیشگوئی، ویک اینڈ پر موسم مرطوب اور جزوی ابرآلود رہے گا

کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو موسم جزوی ابرآلود اور مرطوب ہوسکتا ہے۔جمعہ کی صبح کلفٹن اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہا، جس کے باعث ہلکی پھوار دیکھنے میں آئی۔ جنوب مغربی سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی، جس سے حبس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادھر سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی مون سون کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جولائی کے دوران جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہدادکوٹ، نوشہروفیروز اور جامشورو میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔اسی طرح تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں بھی آج شام تک بوندا باندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد محتاط رہیں۔