90 دن میں فیصلہ کن تحریک، بات صرف فیصلہ سازوں سے ہوگی:علی امین گنڈاپور

لاہور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف نے سیاسی تحریک کا آغاز کر دیا ہے جو آئندہ 90 دنوں میں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بات صرف اُن سے ہوگی جو ملک کے اصل فیصلہ ساز ہیں، کیونکہ اختیار کے بغیر افراد سے بات کا کوئی فائدہ نہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے مفاد میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن یہ مذاکرات صرف بااختیار افراد سے ہوں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی تحریک انصاف ہمیشہ 90 دن کا وعدہ کرتے تھے، اور اب ہم بھی 90 دن میں "آر یا پار" کی منزل پر پہنچیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر تاریخ کا بدترین ظلم ہوا، لیکن کارکنان اور عوام ثابت قدم رہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون اور آئین سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور اگر آئینی تقاضے پورے نہ کیے گئے تو ملک مزید بحران کا شکار ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں دہشتگردی پر قابو تھا، جب کہ موجودہ حکومتوں کے تحت حالات بگڑ چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عدلیہ کو بھی تابع بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کا نظامِ عدل سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر علی امین گنڈاپور نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ "حقیقی آزادی" کے لیے تحریک انصاف کا ساتھ دیں، کیونکہ یہ صرف ایک جماعت کی نہیں بلکہ ساری قوم کی جنگ ہے۔