کشمیریوں کو انصاف دلانے میں عالمی برادری مؤثر کردار ادا کرے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (رم نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے۔

سانحہ 13 جولائی 1931ء سرینگر کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے ڈوگرہ راج کے خلاف قربانی دینے والے 22 کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کا خون ظلم کے خلاف مزاحمت کی تاریخ ہے، اور اُن کی قربانی آج بھی کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتی آئی ہے، اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و شہید بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 13 جولائی کا دن کشمیریوں کی قربانیوں اور حریت پسندی کی علامت ہے، اور مسئلہ کشمیر کا حل صرف کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموشی توڑ کر کشمیریوں کو انصاف، وقار اور آزادی دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔