مظفرآباد (رم نیوز)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ یومِ شہدائے کشمیر تحریکِ آزادی کا سنگِ میل ہے، اور وہ دن دور نہیں جب سرینگر اور جموں میں سبز ہلالی پرچم لہرایا جائے گا۔
یوم شہدائے کشمیر (13 جولائی 1931ء) کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانی اور جذبہ حریت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس روز 22 کشمیری مسلمانوں نے اذان مکمل کرنے کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان سب نے گولیاں سینے پر کھائیں، کسی کی پیٹھ پر گولی نہیں لگی، جو ان کی بے مثال جرأت کی دلیل ہے۔
چودھری انوارالحق نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان سے محبت اور وابستگی کا عملی ثبوت دیا ہے، اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتِ آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کے مشن کی تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔