ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے آج شام سے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں 17 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، جن کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے، جس کے باعث لیاقت پور میں کئی مکانات دریا برد ہو چکے ہیں، جب کہ تونسہ میں کئی بستیاں زیر آب آ گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں۔

سندھ کے علاقے اوباڑو میں تین خواتین پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں، لاشیں مقامی افراد نے نکالیں۔ ادھر کمالیہ میں دریائے راوی کے کنارے کٹاؤ کا عمل تیز ہو گیا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کینٹ اور شالے ویلی سمیت کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا، شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔