تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ، سپل ویز تیسری بار کھول دیے گئے

ہری پور(رم نیوز)حالیہ شدید بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس کے بعد ڈیم کے سپل ویز کو تیسری مرتبہ کھول دیا گیا۔محکمہ آبپاشی کے مطابق اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے لیے 14 فٹ کے گیٹ کھولے گئے ہیں۔ ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1,526.08 فٹ ریکارڈ کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر مساجد کے ذریعے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔پی ڈی ایم اے نے ہری پور، صوابی اور نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ مراسلہ جاری کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور ماہی گیروں کو دریائے سندھ کے قریب جانے سے گریز کی تاکید کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں اور مویشیوں کو بھی خطرناک علاقوں میں جانے سے روکیں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔