پنجاب اسمبلی کے 26 معطل اراکین: حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بے نتیجہ ختم

لاہور(رم نیوز)پنجاب اسمبلی کے 26 معطل اراکین کی بحالی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی بغیر کسی پیش رفت ختم ہو گیا، تاہم دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

مذاکرات کے بعد اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ آج کی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی، لیکن قواعد و ضوابط پر بات چیت جاری ہے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت کی امید ہے۔

حکومتی وفد کے رکن مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلی کے وقار کے تحفظ پر اتفاق کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام ارکان ایوان کے ضابطوں کی پاسداری کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد اراکین کو ڈی سیٹ کرنا نہیں، بلکہ معاملے کا باعزت حل نکالنا ہے۔

واضح رہے کہ اسمبلی قواعد کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کے 26 اراکین کو معطل کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔