کشمور (رم نیوز)حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک اور گڈو بیراج پر 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے علاقوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے تونسہ کی کئی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں، اور راجن پور کے کچے علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، سندھ، کے پی، بلوچستان اور کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔