پشاور(رم نیوز)مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا، بیرسٹر سیف نے گیلپ کے حالیہ سروے پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سروے حکومتوں کے اثر و رسوخ سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں عوامی مسائل جیسے کچے کے ڈاکوؤں اور کراچی کی گندگی پر کوئی رائے نہیں لی گئی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ گیلپ کا سروے حقیقت سے دور ہے اور مفروضوں پر مبنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گیلپ کو پنجاب حکومت کی کارکردگی اور جنوبی پنجاب کی محرومیوں کو بھی سروے میں شامل کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے بیانیے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانیہ عوامی رائے کے ذریعے بنتا ہے، نہ کہ جعلی سروے کے ذریعے۔ بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کس نے ان کے مینڈیٹ کو چوری کر کے اقتدار میں جگہ بنائی ہے اور اس طرح کے سروے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے واضح کیا کہ ووٹ کے ذریعے عوام کا فیصلہ کیا جاتا ہے، نہ کہ اس طرح کے مفروضوں پر مبنی سروے سے۔