اسلام آباد(رم نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر پر خطے کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹیکس عائد ہیں، جبکہ ملک میں 4G کوریج کم اور 5G کے لیے تیاری ناکافی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ڈیجیٹل سیکٹر جی ڈی پی کا صرف 1.5 فیصد ہے، براڈبینڈ کی رسائی محدود اور فائبر آپٹک نیٹ ورک میں توسیع ناگزیر ہے۔
انٹرنیٹ تک رسائی میں صنفی و معاشی فرق نمایاں ہے، صرف 33 فیصد خواتین اور 53 فیصد مرد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ دیہی علاقوں میں خواتین اور نوجوانوں کو آن لائن بزنس سکھانے کی تجویز بھی ہے۔رپورٹ میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے سازگار ماحول، سائبر سیکیورٹی فریم ورک، سستے سمارٹ فونز اور ای گورننس سسٹمز کی بہتری پر زور دیا گیا ہے۔