ہر دو ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا:وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام وزارتوں کی کارکردگی کا ہر دو ماہ بعد باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، اور ناقص کارکردگی کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں اور وزارتوں کی مؤثر کارکردگی عوامی خدمت میں بہتری کے لیے ناگزیر ہے، اور کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے حالیہ بارشوں پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس ہے، خصوصاً سوات میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی المناک ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات اور پیشگی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اب ایک فعال اور بااختیار ادارے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے بعد چاروں صوبوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ آئندہ کے لیے حکمت عملی طے کی جا سکے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ انڈیکس کی تاریخی بلندی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، جو معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔