اعظم سواتی کی حفاظتی ضمانت منظور، عدالت نے گرفتاری سے روک دیا

پشاور(رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں کسی بھی درج مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔

یہ فیصلہ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کے بعد سنایا۔ عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کیں، جس پر اسسٹنٹ اتھارٹی جنرل نے بتایا کہ اعظم سواتی کے خلاف راولپنڈی میں تین مقدمات درج ہیں، تاہم وہ پیش نہیں ہوتے۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ افراد کو اتنا پریشان نہ کیا جائے کہ وہ ہر چیز بھول جائیں اور انہیں کم از کم ایک رات سکون سے گزارنے کا موقع دیا جائے۔ عدالت نے اعظم سواتی کی حفاظتی ضمانت 9 ستمبر تک منظور کرتے ہوئے انہیں گرفتاری سے روک دیا۔