نیویارک / اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان نے شام پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں قانون کی حکمرانی کو چیلنج کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اس وقت ایک نازک عبوری مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں عوام امن، وقار اور ترقی کی نئی امیدوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں اسرائیلی بمباری نہ صرف ناقابلِ قبول ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔ پاکستان شام کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شام کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کرے۔