پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کے لیے پولنگ جاری

لاہور(رم نیوز)پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو صبح 9 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔ اس نشست کے لیے چار امیدوار میدان میں ہیں۔انتخابی عمل میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم، پاکستان تحریک انصاف کے مہر عبدالستار، جبکہ آزاد حیثیت میں خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس شامل ہیں جو ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کامیابی کے لیے کم از کم 185 ووٹ درکار ہیں۔ حکومتی امیدوار کو 261 جبکہ اپوزیشن کو 108 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے۔پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں 371 ہیں، جن میں سے دو نشستیں خالی ہونے کے باعث 369 ارکان ووٹنگ کے اہل ہیں۔

پولنگ کے دوران مسلم لیگ ن کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد اور اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا ہے۔یہ نشست مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔