لاہور(رم نیوز)پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل آج سے شروع ہو رہا ہے جو 25 جولائی تک جاری رہے گا۔ لاہور سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے دریاؤں میں طغیانی اور سیلاب کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ دریائے سندھ کے تونسہ مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر فوری کارروائی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاط کریں اور سیلابی علاقوں سے دور رہیں۔