اسلام آباد(رم نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے فیض آباد احتجاج کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان کی بریت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں جج طاہر عباس سپرا نے فیض آباد احتجاج کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عامر محمود کیانی، راشد حفیظ اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ فیصل جاوید، حیدر بن مسعود اور راجہ ماجد نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں۔
عدالت نے فیصل جاوید کی بریت کی درخواست خارج کرتے ہوئے استغاثہ کے دو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے، اور آئندہ سماعت پر جرح کی اجازت دی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ایک بار پھر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے قبل ازیں جاری حکم نامہ دوبارہ نافذ کرتے ہوئے مزید سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی۔
عدالت میں پیشی کے دوران جج نے عامر کیانی کو اشتہاری قرار دیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ باقاعدہ درخواست جمع کروائیں، جس پر عدالت غور کرے گی۔