پشاور (رم نیوز)خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر ہونے والے انتخابات مکمل ہو گئے، جس کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طے شدہ فارمولا کامیاب رہا۔ الیکشن میں حکومتی حمایت یافتہ 6 جبکہ اپوزیشن کے 5 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
الیکشن کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا تھا، جہاں 145 ارکان اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پولنگ کا عمل دن بھر سست روی سے جاری رہا تاہم ماحول مکمل طور پر پرامن رہا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے آخری ووٹ کاسٹ کیا۔
حکومتی حمایت یافتہ امیدوار
مراد سعید (آزاد) – جنرل نشست،فیصل جاوید (آزاد) – جنرل نشست،نورالحق قادری (آزاد) – جنرل نشست،مرزا محمد آفریدی (آزاد) – جنرل نشست،اعظم سواتی – ٹیکنوکریٹ نشست،روبینہ ناز (آزاد) – خواتین نشست
اپوزیشن کے امیدوار:
طلحہ محمود (پیپلزپارٹی) – جنرل نشست،روبینہ خالد (پیپلزپارٹی) – خواتین نشست، عطاء الحق درویش (جے یو آئی ف) – جنرل نشست، دلاور خان (جے یو آئی ف) – ٹیکنوکریٹ نشست،نیاز احمد (مسلم لیگ ن) – جنرل نشست
واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 5 اور 6 کے فارمولے پر اتفاق ہوا تھا، جس کے مطابق حکومت کے چھ اور اپوزیشن کے پانچ امیدواروں کو کامیاب کرانے پر اصولی رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ہر جنرل نشست کے لیے کم از کم 19 ووٹ درکار تھے، جب کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت کے پاس 92 اور اپوزیشن کے پاس 53 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ سینیٹ کی نشستوں پر مقابلے کے لیے 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے۔
انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ الیکشن شفاف اور پرسکون ماحول میں مکمل ہو سکے۔