پنجاب سے بلوچستان کا سفر رات 5 بجے کے بعد مکمل طور پر معطل

ڈیرہ غازی خان(رم نیوز)بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حکومت نے شام 5 بجے کے بعد پنجاب سے بلوچستان جانے والی تمام پبلک اور نجی ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد نے بتایا کہ بواٹہ چیک پوسٹ پر شام 5 بجے کے بعد کوئی بھی گاڑی بلوچستان کی طرف جانے نہیں دی جائے گی۔ یہ اقدام مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سخی سرور اور بواٹہ میں تمام ٹرانسپورٹ سروسز شام 5 بجے کے بعد بند کر دی جائیں گی، اور سفر صرف دن کے وقت ممکن ہوگا۔ رات کے دوران سفر کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکومت نے حفاظتی اقدامات کے طور پر تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں دو مسلح نجی سیکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں، بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، ٹریکنگ سسٹم اور ایمرجنسی پینک بٹن نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔بس روانگی سے قبل تمام مسافروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنا بھی ضروری ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔