اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی معاملات پر اب کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، تمام فیصلے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایات کے مطابق ہوں گے۔
اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے، پی ٹی آئی نے تمام امیدوار مارچ 2024 میں عمران خان کی مشاورت سے فائنل کیے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی امیدوار کا انتخاب بغیر مشاورت نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے تنازع کے باعث عمل میں کچھ تاخیر ہوئی، تاہم عدالتی فیصلے کے بعد عمل مکمل کیا گیا۔ "ہمیں چھ نشستیں ملی ہیں، جو ہماری توقعات کے مطابق ہیں اور پارٹی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔"
مرزا محمد آفریدی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا نام بھی خود عمران خان نے تجویز کیا تھا، اور وہ پارٹی بیانیے کے ساتھ مسلسل کھڑے رہے ہیں۔ "مرزا آفریدی پر تنقید بے بنیاد ہے، انہوں نے پارٹی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔"
چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین سے ملاقات کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتوں میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ "آخری ملاقات بیرسٹر سیف اور عمران خان کی بہنوں کی ہوئی تھی، جس پر غیر ضروری سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اب پارٹی کی مزاحمتی سیاست کا مرکز اڈیالہ جیل ہے، جہاں سے عمران خان خود احتجاجی حکمت عملی کی قیادت کریں گے۔ "پی ٹی آئی سے کسی کو نکالا نہیں جاتا، لوگ خود چھوڑتے ہیں۔ اب فیصلے صرف خان صاحب کی ہدایات کے مطابق ہوں گے۔"