پی کے 46 ہری پور: دوبارہ گنتی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی سماعت

اسلام آباد (رم نیوز)خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 46 ہری پور میں دوبارہ گنتی کے مطالبے پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی۔ چار رکنی کمیشن کی سربراہی ممبر سندھ نثار درانی نے کی۔سماعت کے دوران ممبر پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی کی درخواست پر کارروائی نہیں کی، تو کیا درخواست گزار کو براہ راست الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کے بجائے پہلے الیکشن ٹریبونل سے رجوع نہیں کرنا چاہیے تھا؟ انہوں نے درخواست کی قانونی حیثیت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست گزار سے ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی درخواست کا تحریری ثبوت طلب کیا۔ اس موقع پر وکیل نے بتایا کہ دونوں امیدواروں کے درمیان 40 ہزار 500 ووٹوں کا فرق ہے۔کمیشن نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق دوبارہ گنتی کا دائرہ اختیار معمولی ووٹوں کے فرق تک محدود ہے، اتنے بڑے فرق کی صورت میں درخواست کا قانونی جواز کمزور دکھائی دیتا ہے۔مزید دلائل کے لیے سماعت ملتوی کر دی گئی۔