پی ٹی آئی کا 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کا اعلان، اجازت کی درخواست جمع

لاہور(رم نیوز)پی ٹی آئی نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔"پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کے انعقاد کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو باقاعدہ طور پر درخواست جمع کرا دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسے کا مقصد پارٹی کے بانی کی رہائی کے لیے عوامی حمایت کو اجاگر کرنا ہے۔ جلسے کا وقت شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک تجویز کیا گیا ہے، جس میں پارٹی قیادت اور صوبائی اسمبلی کے اراکین شرکت کریں گے۔

شیخ امتیاز نے درخواست میں یہ بھی کہا کہ اگر مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو انتظامیہ کوئی متبادل مقام فراہم کرے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کو پرامن اور جمہوری روایات کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔