کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں مون سون سسٹم کے کمزور پڑنے کے بعد آئندہ تین روز کے دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ کراچی کا مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ شہر میں سمندری ہوائیں بھی معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ نمی کا تناسب صبح کے وقت 80 فیصد اور شام میں 65 فیصد تک جا سکتا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع، جن میں خیرپور، عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور جامشورو شامل ہیں، وہاں بھی ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے، کیونکہ صوبے میں کمزور مون سون ہوائیں مسلسل داخل ہو رہی ہیں۔