لاہور (رم نیوز)لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح سویرے ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
لاہور کے علاقوں مال روڈ، لکشمی چوک، چوبرجی، جیل روڈ اور فیصل ٹاؤن سمیت متعدد مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ فیصل آباد، خانیوال، جھنگ، مریدکے اور دیگر شہروں میں بھی شدید بارش ہوئی۔ادھر ایبٹ آباد، ہری پور اور صوابی میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جبکہ کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں 25 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلاف پھٹنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔