اسلام آباد واقعہ: سینیٹ کمیٹی نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے حکام کو طلب کر لیا

اسلام آباد (رم نیوز)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے اسلام آباد میں کار سوار باپ بیٹی کے ڈوبنے کے واقعے کو شدید افسوس کے ساتھ دیکھا ہے۔ کمیٹی نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے نمائندگان کو آئندہ اجلاس میں طلب کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمٰن کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی اموات پر دعائے مغفرت کی گئی۔ شیری رحمٰن نے کہا کہ ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں سے تباہی اور اموات کے واقعات بڑھ رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز جاری ہیں، لیکن ان حادثات کی تحقیقات بھی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعات قدرتی آفات نہیں بلکہ انسانی لاپرواہی کا نتیجہ ہیں، لہٰذا ذمہ داران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ کمیٹی نے اسلام آباد کے سید پور گاؤں میں ہاؤسنگ سوسائٹی کی تعمیرات کی تحقیقات کا حکم دیا۔

مزید برآں، سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے سیلاب کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات میں تیزی لانا ضروری ہے۔ مون سون کے دوران شمالی علاقہ جات میں سیاحوں کی آمد پر پابندی لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔کمیٹی نے سی ڈی اے کے حکام کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کیا ہے تاکہ ہاؤسنگ سوسائٹی اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی جا سکے۔