سندھ میں کاروباری آسانی کے لیے ’بزنس ون سٹاپ شاپ‘ پلیٹ فارم کا آغاز

کراچی (رم نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ’سندھ بزنس ون سٹاپ شاپ‘ (SBOSS) ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا افتتاح کر دیا، جس کا مقصد صوبے میں کاروباری رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔

تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر شیخ، صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔مراد علی شاہ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ پلیٹ فارم طرز حکمرانی میں ایک بڑی اصلاح ہے، جو کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف معاشی بہتری اور صنعتی ترقی کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹمز اپنانا ہے۔

SBOSS پلیٹ فارم ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ’کلک‘ منصوبے کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ اس وقت یہ 9 سرکاری محکموں کی 32 ای-لائسنسنگ خدمات فراہم کر رہا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں 130 سے زائد ریگولیٹری خدمات بھی شامل کی جائیں گی۔یہ نظام نادرا، ایس ای سی پی، ون لنک اور دیگر اداروں سے منسلک ہے اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے محفوظ، شفاف اور حقیقی وقت میں ادائیگی و تصدیق کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

وفاقی وزیر قیصر شیخ نے اس اقدام کو کاروباری برادری کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بھی لائسنسنگ کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صرف ایک آغاز ہے، صوبے بھر میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز اور 24 گھنٹے فعال ڈیجیٹل کانٹیکٹ سروسز بھی قائم کی جائیں گی تاکہ کاروباری طبقے کو مکمل معاونت دی جا سکے۔