پشاور(رم نیوز)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو روز کے دوران شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے، جبکہ 19 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثے میں 13 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جاں بحقوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، اپر کوہستان، مردان، کرم، ہری پور، مانسہرہ، اپر چترال، ملاکنڈ اور شانگلہ میں حادثات پیش آئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 19 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 17 جزوی طور پر جبکہ 2 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو فوری طور پر تیز کیا جائے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ تمام متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند سڑکوں اور رابطہ راستوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں۔