لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، آج مزید بارش کی پیشگوئی

لاہور (رم نیوز)مون سون کا سلسلہ لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے۔اسلام پورہ، گلشن راوی، مال روڈ، لوئر مال، مزنگ اور انارکلی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ متعدد علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہوگئی۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1,749 فٹ تک پہنچنے پر سپل ویز کھول دیے گئے۔محکمہ موسمیات نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ کا ہے۔

مون سون بارشوں کے نتیجے میں اب تک ملک بھر میں 252 افراد جاں بحق اور 611 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 139، خیبر پختونخوا میں 60، سندھ میں 24، بلوچستان میں 16، اسلام آباد میں 6 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

حکام نے شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔