امریکی صدر کا 15 سے 50 فیصد تک نئے تجارتی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک پر 15 سے 50 فیصد تک نئے درآمدی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے واشنگٹن میں منعقدہ مصنوعی ذہانت (AI) سمٹ سے خطاب کے دوران کیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ یورپی یونین کے ساتھ تجارتی مذاکرات کر رہا ہے، جبکہ چین کے ساتھ معاہدہ جلد متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان نے 15 فیصد ٹیرف پر اتفاق کیا ہے اور امریکا میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک کے لیے ٹیرف میں نرمی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور اس حوالے سے متعدد ایشیائی ممالک سے توانائی معاہدے کیے جا رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین کو ہتھیار فراہم کریں اور امریکہ سے خریدے گئے فوجی سازوسامان کی سو فیصد ادائیگی کریں۔