کلاؤڈ برسٹ کے باعث سکردو میں بڑے پیمانے پر تباہی، مکانات اور دکانیں بہہ گئیں

سکردو(رم نیوز) سکردو کے کندوس میں کلاؤڈ برسٹ سے شدید سیلاب آیا، جس کے نتیجے میں 49 مکانات، 20 دکانیں اور دو مساجد مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ سیلابی پانی نے رابطہ پل بہا کر علاقے کا زمینی رابطہ منقطع کر دیا ہے۔سب ڈویژن ڈغونی میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک لڑکی جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن رابطے منقطع اور راستے دشوار ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

دو روز قبل ضلع دیامر میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچائی تھی، جس میں تین افراد جاں بحق اور ایک لاپتا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے دوران اب تک 252 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ پنجاب میں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

شدید بارشوں کے سبب ملک میں ہنگامی صورتحال برقرار ہے اور متاثرہ علاقوں میں فوری امداد جاری ہے۔