برساتی نالے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کی تلاش میں اہم پیش رفت

اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے دوران نالے میں بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل قاضی اسحاق کی لاش دریائے سواں سے برآمد کر لی گئی ہے، تاہم ان کی بیٹی کی تلاش تاحال جاری ہے۔ واقعے کو تین روز گزر چکے ہیں، اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ریسکیو 1122 حکام کے مطابق متاثرہ گاڑی کا دروازہ اور بونٹ سواں پل کے نیچے سے ملا ہے۔

حادثہ اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب پیش آیا، جہاں تیز بارش کے باعث سڑک پر آنے والے پانی نے کرنل (ر) قاضی اور ان کی بیٹی کی گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاڑی نالے میں بہہ گئی اور زیر زمین چینل میں داخل ہو گئی۔ریسکیو اداروں نے یقین دلایا ہے کہ جب تک بیٹی کا سراغ نہیں ملتا، سرچ آپریشن بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔