ماسکو(رم نیوز)روس کے مشرقی علاقے میں ایک مسافر طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر گر گیا، حادثے میں طیارے میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں پانچ بچے بھی شامل تھے۔علاقائی گورنر ویسلی اورلوف کے مطابق یہ اے این-24 ماڈل کا طیارہ سائبیریا کی "انگارا ایئرلائن" کی ملکیت تھا، جو 43 مسافروں اور 6 عملے کے ارکان کے ساتھ امور کے علاقے سے ٹِنڈا شہر جا رہا تھا۔ پرواز کے دوران اچانک طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا، اور وہ ریڈار سے بھی غائب ہو گیا۔
روسی حکام نے وسیع تلاش مہم شروع کی، جس کے دوران طیارے کا ملبہ ٹنڈا سے دس کلومیٹر دور ایک پہاڑی علاقے سے ملا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارہ پہاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہوا۔سرکاری خبر رساں ادارے "طاس" کے مطابق واقعے میں کوئی مسافر زندہ نہیں بچا، اور اسے روس کی حالیہ فضائی تاریخ کا ایک بڑا سانحہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔